اوسلو۔۔آپکی آواز۔۔(عقیل قادر)منہاج سکول اوسلو میں گذشتہ کئی دہائیوں سے مسلمان بچوں کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے تربیت کی جاتی ہے تاکہ وہ نارویجن معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ ان خیالات کا اظہاروالدین اور اساتذہ نے منہاج سکول اوسلو کے زیر اہتمام سپورٹس ڈے کے موقع پر کیا۔ والدین کا کہنا تھا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے یا قوم کی ترقی کی ضامن ہوتی ہے اور تعلیم سے دوری ان کے زوال کی وجہ بنتی ہے۔ منہاج سکول کے ڈائریکٹر علامہ صداقت علی قادری نے کہا کہ منہاج سکول میں بچوں کی روحانی و اخلاقی تربیت کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاکہ ان کی صلاحتیوںکو اجاگر کیا جا سکے۔ سپورٹس ڈے کے موقع پر فٹبال، کرکٹ، بیڈمنٹن، رسہ کشی اور دیگر کھیلوں کے علاوہ بچوں ، اساتذہ اور والدین کے درمیان دوڑ کے مقابلے بھی ہوئے۔ بچوں نے ان کھیلوں میں زبردست کارکردگی پیش کی۔ سکول کمیٹی کے صدر شاہد تنویر کی طرف سے کھیلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے اور آخر میں سپورٹس ڈے کا اختتام دعا سے کیا گیا۔